لاہور( این این آئی )2021 میں چین کو پاکستان کی برآمدات کا حجم 3.589 بلین ڈالر رہا اور رواں سال یہ4 بلین ڈالر تک پہنچ سکتا ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان غذائی مصنوعات خصوصاً چاول، سمندری غذا، خشک میوہ جات، چلغوزے، پھل، گلابی نمک اور پراسیسڈ فوڈ کی برآمد کا ایک بڑا ذریعہ بن گیا ہے۔چین کے قومی ادارہ برائے شماریات کے مطابق چین کی اشیا ء کی برآمدات کا حجم 3.36 ٹریلین ڈالر ہے جبکہ چین کی اشیا ء کی درآمدات کا حجم 2.69 ٹریلین ڈالر ہے۔پاکستان کی چین کو برآمدات وقت کے ساتھ ساتھ 2016 میں برآمدات کا حجم 1.91 بلین ڈالر، 2017 میں 1.83 بلین ڈالر، 2018 میں 2.18 بلین ڈالر، 2019 میں 1.81 بلین ڈالر، 2020 میں 2.12 بلین ڈالر اور 2021 میں 3.589 بلین ڈالر تھا۔ سی سی آئی جی کے ماہرین میں سے ایک نے کہا کہ اس سال پاکستان کی برآمدات کا حجم 4 بلین ڈالر تک بڑھ سکتا ہے اور کھانے کی مصنوعات کی برآمد کے لئے بڑی سپیس ہے ۔ چائنا جنرل ایڈمنسٹریشن آف کسٹمز کے اعدادوشمار کے مطابق 2021 میں پاکستان کی چین کو خوراک کی برآمدات کی مالیت 840 ملین ڈالر تھی۔ ان میں سے 609 ملین ڈالر سبزیوں کی مصنوعات، 179 ملین ڈالر جانوروں کی مصنوعات جبکہ تیار شدہ کھانے پینے کی اشیا ء کی مالیت 52 ملین ڈالر تھی۔ اسی طرح 2021 میں پاکستان سے چین کو چلغوزے اور خشک خوراک کی برآمد کی مالیت 65 ملین ڈالر تھی۔ 2021 میں پاکستان سے چین میں پروسیسڈ سمندری خوراک کی برآمدات 8.4 ملین ڈالر تھیں جبکہ اسی سال کے دوران برآمد کیے گئے آم کی مالیت 127 ملین ڈالر تھی۔چین کی چاول کی درآمدات 2.2 بلین ڈالر، سمندری غذا 13.8 بلین ڈالر، چلغوزے اور خشک میوہ جات 2.2 بلین ڈالر جبکہ تل کے بیج کی درآمدات 1.7 بلین ڈالر ہیں۔رپورٹ کے مطابق فی کس آمدنی اور صارفین کے اخراجات میں اضافے کی وجہ سے چین صحت اور فٹنس کے بارے میں شعور رکھنے والے صارفین کے ساتھ ایک اعلی آمدنی والا ملک بننے کے قریب ہے۔
رواں سال چین کو پاکستانی برآمدات کا حجم 4ارب ڈالر تک پہنچ سکتا ہے
Sep 24, 2022