لاہور(نیوزرپورٹر) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے صوبہ بھرمیں پیناڈول گولیوں کی ذخیرہ اندوزی کرنے اورمہنگے داموں بیچنے والے مافیاکے خلاف سخت قانونی کارروائی کاحکم دے دیاہے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے یہ احکامات محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کئیراینڈمیڈیکل ایجوکیشن میں صوبہ بھرکی ڈینگی کی صورتحال سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیے۔اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندربلوچ،سپیشل سیکرٹری ڈاکٹرفرخ نوید،سی ای اوپنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن ثاقب عزیز،زاہدہ اظہر، ڈاکٹرحافظ شاہدلطیف،ڈاکٹراسداسلم خان،چیئرمین ڈی ایگ ڈاکٹر تنویر الاسلام، میاں زاہدالرحمن و دیگر افسران نے شرکت کی۔عمران سکندربلوچ، ڈاکٹرفرخ نوید اور ڈاکٹراسداسلم خان نے صوبائی وزیرصحت ڈاکٹریاسمین راشدکو بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب میں ڈینگی میں اضافہ کے دوران پیناڈول گولیوں کی ذخیرہ اندوزی اور مہنگے داموں خریدوفروخت کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔
صوبائی وزیر صحت نے سی ای او پنجاب ہیلتھ کئیرکمیشن ثاقب عزیزکو ڈینگی کے ٹیسٹوں کے نرخوں کے متعلق مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔