لاہور (خصوصی نامہ نگار)منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا ہے کہ اولیائے اللہ نے امن اور محبت کی تعلیم دی۔ مذہب کے نام پر امن کو برباد کرنے والے اسلام اور پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہیں۔ نوجوانوں کو انتہا پسندی اور متشدد رویوں سے بچانا بڑا چیلنج ہے۔ علماء اسلام کی علم و ادب پر مبنی اقدار کا احیاء اور احترام کے کلچر کو زندہ کریں۔
گزشتہ روز جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاؤن لاہور میں گزشتہ روزخطاب کرتے ہوئے چیئرمین سپریم کونسل نے کہا کہ اسلام کا حقیقی پیغامِ امن و محبت، اعتدال اور رواداری ہے۔ اسلام دلوں کو توڑنا نہیں جوڑنا سکھاتا ہے۔ اولیاء کرام نے ہمیشہ امن و محبت اور بھائی چارے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام کی درگاہیں علم اور ادب سیکھنے اور سکھانے کے مرکز ہیں۔ شدت پسند رویوں کے خاتمے اور زندگی میں اعتدال لانے کیلئے ہمیں صوفیاء اور بزرگان دین کی تعلیمات کی طرف لوٹنا ہوگا۔ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری نے کہا کہ آئمہ، محدثین و فقہا کے درمیان علمی بنیاد پر اختلاف رائے رہتا تھا مگر علمی اختلافِ رائے کے اظہار کے باوجود باہمی ادب و احترام پر کوئی حرف نہیں آنے دیا جاتا تھا۔ حضور نبی اکرم ؐکی صفات میں سے اعلیٰ ترین صفت آپؐ کا خلق عظیم ہے۔