لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر بلدیات پنجاب میاں محمودالرشید نے گزشتہ روزجہلم میں پنجاب سٹیز پروگرام کے تحت 1 ارب 10 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد، کوآرڈینیٹر پنجاب سٹیز پروگرام محمد اشرف سوہنا اور ڈپٹی کمشنر جہلم نعمان حفیظ بھی موجود تھے۔ میاں محمود الرشید نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹے شہروں کی ترقی کیلئے ورلڈ بنک کے تعاون سے پنجاب سٹیز پروگرام شروع کیا گیا ہے۔اب جہلم شہر میں صفائی کا نظام ماضی کی نسبت بہت بہتر ہو جائے گا۔ صفائی اور صاف پینے کے پانی کی فراہمی پنجاب حکومت کی اولیں ترجیح ہے۔ اب نالوں کا گندہ پانی دریا میں نہیں پھینکا جائے گا بلکہ اس کیلئے ٹریٹمنٹ پلانٹ لگایا جائے گا۔ جہلم شہر کیلئے ایک ارب روپے مزید دینے کا اعلان کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ جلالپور ایریگیشن منصوبے سے ہزاروں ایکڑ زمین سیراب ہو گی۔ میگا پراجیکٹس علاقے کی تقدیر بدلتے ہیں۔ سابق وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد نے کہا کہ عمران خان نے جلالپور ایریگیشن کا میگا پراجیکٹ شروع کیا جس سے 70 ہزار ایکڑ زمین سیراب ہو گی۔انہوں نے کہا کہ کالا گجراں پارک سمیت دیگر پارکس کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔