کراچی (نیوز رپورٹر) الخدمت کراچی کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے درجنوں ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کی 25ویں کھیپ روانہ کردی گئی۔ امدادی سامان امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے روانہ کیا ۔ قبل ازیں انہوں نے راشن کے گوداموں کا دورہ کیا اوروہاں جاری کاموں کامعائنہ کیا۔ انہیںسندھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بھیجے جانے والے امدادی سامان سے متعلق تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔حافظ نعیم الرحمن کو بتا یا گیا کہ بھیجے جانے والے امدادی سامان کے ایک ٹرک میں 8ٹن سے زائد سامان موجود ہے۔ سامان سکھر ،جیکب آباد،شہداد پور،نواب شاہ ،لاڑکانہ ،جھڈو،سکرنڈ سمیت دیگر متاثرہ علاقوں میں بھیجا جارہا ہے۔ امدادی سامان میں آٹا،دال مونگ ،چاول ،دال چنا ،پکوان تیل سمیت دیگراشیا شامل ہیں۔ اس موقع پرایگز یکٹو ڈائریکٹرراشد قریشی ،چوہدری تنویر ،ملک حنیف اور الخدمت کے دیگر ذمہ داران موجود تھے ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا اس موقع پر کہنا تھا کہ الخدمت کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے روزانہ کی بنیادپر ریلیف کا کام جاری ہے۔ الخدمت جنوبی پنجاب ،سندھ اور بلوچستان کے متاثرہ علاقوں میں سیلاب متاثرین کی خدمت کر رہی ہے۔ خیمہ بستیاں قائم کردی گئی ہیں۔میڈیکل کیمپس لگائے گئے ہیں اور متاثرین کو راشن ،کھانا اور پانی پہنچایا جا رہا ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کاروباری حضرات میں متاثرین کی مدد کا بڑا جذبہ ہے۔ درجنوں ٹرک پر مشتمل امدادی سامان کی کھیپ مخیر حضرات کی جانب سے الخدمت کو عطیہ کی گئی ہے۔ ان کا جذبہ قابل قدر ہے اللہ تعالیٰ ان کے پورے خاندان کے اس کا رخیر کو قبول فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سات لاکھ خواتین حاملہ ہیں ،انہیں صحت کے مسائل کا سامنا ہے اور سہولتوں کی فوری ضرورت ہے۔ وہاں پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن ( پیما )کے تعاون سے الخدمت صحت کی سہو لتیں پہنچا رہی ہے ۔پیما کی خواتین اور مرد ڈاکٹر متاثرین کیلئے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں مافیا کاراج ہے۔کراچی کو برباد کیا جارہا ہے، ہمار اتعلیمی نظام تباہ ہو رہا ہے ،پوراپاکستان کراچی کے ساتھ دے گا تو کراچی آگے بڑھے گا۔
25ویں کھیپ