صحت مند غذا، صحت مند زندگی کی ضامن ہے:  پرنسپل کوئین میری کالج


لاہور (لیڈی رپورٹر) کوئین میری کالج کی پرنسپل ڈاکٹر ثمرہ عمران نے کہا ہے کہ صحت مند غذا، صحت مند زندگی کی ضامن ہے، اچھی غذائیت بھری خوراک بچیوں کے صحت مند مستقبل کیلئے بہت ضروری ہے۔ انرجی اور کاربونیٹڈ ڈرنکس بالغ بچیوں میں ہارمون کے عدم توازن کاسبب بنتے ہیں۔ وہ گزشتہ روز پنجاب فوڈ اتھارٹی اور شعبہ ابلاغیات وشعبہ ہوم اکنامکس کے اشتراک سے منعقدہ خواتین اور نوعمر لڑکیوں کی غذائی ضروریات اور مسائل کے موضوع پر سیمینار سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ایڈیشنل ڈائریکٹر صبا عادل ، ماہر غذائیت فاطمہ،ماہاجاوید، صائمہ اقبال و دیگر نے بھی خطاب کیا۔آگاہی کیمپ میںفوڈاتھارٹی کے زیراہتمام ہائیٹ، ویٹ، بی ایم ڈی، سی بی سی اور تھیلیسیمیا کے فری ٹیسٹ کیے گئے۔طلباء کووائرل انفیکشن اور ڈینگی سے بچانے کیلئے غذائی راہنمائی بھی فرا ہم کی گئی۔ سٹوڈنٹ ایمبسڈر پروگرام کے تحت متعدد طالبات کو فوڈ ایمبسڈر بھی منتخب کیاگیا۔ایمبسڈر پروگرام میں کالج سٹوڈنٹس کو انٹرشپ اور ریسرچ پروگرام کا حصہ بنایا جائے گا۔تقریب میں اساتذہ و طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی اورپنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے نوعمر طالبات کی اچھی صحت کیلئے غذائی آگاہی کیمپ انتہائی قابل تحسین اقدام قرار دیا۔

ای پیپر دی نیشن