انجلینا جولی پھر پاکستان پہنچ گئیں
گلناز نواب
آزمائش کی گھڑی میںدوسروں کی تکلیف کو محسوس کرنا اور مصیبت کے ماروں کی امداد کرنا اور دکھ بانٹنے کیلئے میدان عمل میں اترنا انسانیت کا اعلی ترین درجہ ہے اور اس پر فائز ہونے والے یقیناً بہترین لوگ ہوتے ہیں۔ زندگی کے کسی بھی شعبے سے تعلق رکھنے والے نامور خواتین و حضرات جب سماجی بھلائی اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے آگے بڑھ کر کام آتے ہیں تو ان کو دیکھ کر عام افراد کو بھی اس کار خیر میں اپنا حصہ ڈالنے کی تحریک ملتی ہے جو بجائے خود ایک بہت بڑی کاوش ہے کیونکہ اس سے دوسروں کیلئے خیر ، فلاح اور سلامتی کے دروازے کھلتے چلے جاتے ہیں۔
ہالی وڈ کی اداکارہ انجلینا جولی کا شمار بھی ان نامور افراد میں ہوتا ہے جو انسانیت کی پکار پر دنیا کے ہر حصے میں پہنچ جاتے ہیں اور رنگ و نسل کے تعصب یا احساس برتری سے بالاتر ہو کر ہر مصیبت زدہ انسان کی دلجوئی میں مشغول ہو جاتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کی نمائندہ خصوصی کی حیثیت سے انجلینا جولی نے دنیا بھر میں قدرتی آفات یا اور دیگر مشکلات میں گھرے لوگوں کی حالت زار کو دنیا کے سامنے لاکراور ان کی بحالی کیلئے انتھک جدوجہد کر کر کے سب سے بڑا اعزاز پایا ہے جس پر وہ بجا طور پر فخر کرسکتی ہیں۔ 2005ء کا تباہ کن زلزلہ ہو یا 2010ء اور اب 2022 ء کا ہلاکت خیز سیلاب ، انجلینا جولی ہر مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستانیوں کے دکھ درد کو محسوس کرتے ہوئے یہاں پہنچی ہیں اور سب سے آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کیا ہے۔
ہالی وڈ اداکارہ انجیلینا جولی اس بارسیلاب زدگان کی مدد کیلئے تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں تاہم تین روز مکمل ہونے پر انہوں نے اپنے دورے میں دو روز کی مزید توسیع کر لی ۔اداکارہ صوبہ سندھ کے شہر دادو پہنچیں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور ہمیشہ کی طرح متاثرین میں گھل مل گئیں اور ان کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر ان کے دکھ درد بانٹے ۔
انجلینا جولی کا کہنا ہے پاکستان میں سیلاب سے جو تباہی ہوئی دنیا کو اس کا اندازہ ہی نہیں۔ اس دوران نیشنل فلڈ رسپانس کوآرڈینیشن سنٹر کے دورے کے موقع پرگفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تشویش ہے ’’آنے والے ہفتوں میں بھرپور مدد نہ پہنچی تو بچنے والوں کا بھی سانسوں سے رشتہ ٹوٹ جائے گا۔میںنے ایسی تباہی اپنی زندگی میں کہیں نہیں دیکھی۔‘‘ متاثرین کو خوراک، شیلٹر، طبی سہولیات کی ہنگامی ضرورت ہے۔ دنیا کوپاکستانیوں کی امداد کیلئے آگے بڑھ کر کام کرنا چاہئے۔انجلینا جولی نے بدترین تباہی، عوام کی مشکلات اور پاک فوج کے ریلیف آ پریشن کی حقیقی منظر کشی کرتے ہوئے اس کے ہمت حوصلہ کی تعریف کی ۔انہوں نے عالمی برادری سے پاکستانی سیلاب متاثرین کے لئے ڈومور کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج پاکستانی خود بڑی قدرتی آفت کا شکار ہیں،پاکستان کی صورتحال پر دنیا کو جاگنا چاہئے۔ ‘‘دورے کے پہلے روزانجلینا جولی نے سندھ میں دادو کے پانی میں گھرے علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا اور کشتی کے ذریعے بھی متاثرہ علاقوں میں گئیں۔ انہوں نے دادو اور بدین میں سیلاب زدہ علاقوں کے دورے کے موقع پر سیلاب زدگان کے خیموں میں جاکر خاص طور پر خواتین ، بچوں اور بزرگوں سے بات کی اور ان کے مسائل کی بابت پوچھا۔
انجلینا جولی نے واضح کیا کہ" جن زندگیوں کو بچایا لیا گیا ہے ،ان سے بات چیت کر کے اندازہ ہوتا ہے کہ ابھی وہ خطرات سے محفوظ نہیں۔ زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا ان انسانوں میں بے شما ر بچے ہیں"۔متاثرین کو خوراک،شیلٹر،طبی سہولیات کی ہنگامی ضرورت ہے، پہلے جب بھی آئی پاکستانی عوام کو افغان عوام کی مہمان نوازی کرتے پایا۔‘‘آج پاکستانی خود بڑی قدرتی آفت کا شکار ہیں۔پاکستان میں جو صورتحال ہے دنیا کو اس پر جاگنا چاہئے کہ یہ بہت سارے لوگوں کی زندگی و موت کا مسئلہ ہے۔‘‘ موسمیاتی تبدیلی کے کم ذمہ دار ممالک کو تباہی اور اموات کا دوسروں کی نسبت زیادہ سامنا ہے، مصیبت کی اس گھڑی میں میرا دل عوام کے ساتھ ہے۔‘‘میں مستقبل میں بھی پاکستان آتی رہوں گی اور میں پورے دل سے اس مشکل وقت میں یہاں کے لوگوں کے ساتھ ہوں۔انجلینا جولی نے عالمی برادری پر بار بار زور دیا کہ ’’وہ پاکستان میں سیلاب زدگان کی مدد کیلئے مزید امداد بھیجے۔‘‘ اداکارہ کا کہنا ہے کہ ’’اگرمزید امداد جلد پاکستان نہیں پہنچی تو یہاں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کیلئے زندگی گزارنا ناممکن ہوجائے گا۔‘‘اس وقت ہم وطن کیا اورغیر مسلم کیا ،سب متاثرین کیلئے نگری نگری گھوم کر امداد اکٹھی کرتے پھررہے ہیں ، مصیبت زدگان کیلئے ہالی وڈ اداکارہ انجیلینا جولی کی ان کوششوںاور جذبہ انسانیت کو ہم سب سلام پیش کرتے ہیں ۔
انجلینا جولی نے زمین پر بیٹھ کر سیلاب زدگان کے دکھ بانٹے
Sep 24, 2022