ہفتہ وار مہنگائی میں 8.11فیصد کمی 26اشیاءمہنگی 10سستی 15کے نرخ برقرار ادارہ شماریات

Sep 24, 2022

 اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ملک میں حالیہ ہفتے 26 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 10 اشیاءکی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی جبکہ 15 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔ وفاقی ادارہ شماریات نے ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے مطابق آلو کی قیمتوں میں 1.45 فیصد، چکن کی قیمتوں میں 4.52فیصد، چائے کی پتی کی قیمتوں میں 6.42 فیصد اضافہ، دال مونگ کی قیمتوں میں 1.31فیصد، انڈوں کی قیمتوں میں 2.54 فیصد، دال چنا کی قیمتوں میں2.54 فیصد، آٹے کی قیمتوں میں22.47 فیصد، چاول کی قیمتوں میں 1.51 فیصد، سگریٹ کی قیمتوں میں 1.82 فیصد اور بریڈ کی قیمتوں میں 2.36فیصد اضافہ ہوا ہے۔دوسری جانب وفاقی حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے نتیجے میں بڑھتی ہوئی مہنگائی میں کمی کی رفتار میں ریکارڈ تیزی واقع ہوئی ہے۔ ملک میں مسلسل تیسرے ہفتے بھی مہنگائی میں کمی کا رجحان جاری رہا ہے اور حالیہ ہفتے ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح میں 8.11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح42 فیصد سے کم ہوکر 29.28 فیصد پر آگئی ہے۔
 وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے پیاز کی قیمتوں میں 0.46 فیصد، ٹماٹر کی قیمتوں میں 8.15 فیصد، لہسن کی قیمتوں میں 1.31 فیصد، دال مسور کی قیمتوں میں 0.99 فیصد، ویجی ٹیبل گھی کی قیمتوں میں 0.34 فیصد، کوکنگ آئل کی قیمتوں میں 0.78 فیصد جبکہ ایل پی جی کی قیمتوں میں 3.82 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی کی ہفتہ وار شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 8.11 فیصد کمی آئی۔ گزشتہ ہفتے مہنگائی سے سب سے زیادہ ریلیف ماہانہ 22 ہزار 888 روپے تک کمانے والوں کو ملا۔ ان کیلئے مہنگائی شرح گزشتہ ہفتے 11.91 فیصد کم ہوئی۔ ماہانہ 17 ہزار 732 روپے کمانے والوں کیلئے گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح 8.45 فیصد کم ہوئی۔ ماہانہ 29 ہزار 517 روپے کمانے والوں کیلئے گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح 9.022 فیصد کم ہوئی۔ ماہانہ 44 ہزار 175 روپے کمانے والوں کیلئے گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح 6.07 فیصد کمی ہوئی۔ ایک ہفتے میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 406 روپے 89 پیسے مہنگا ہوا۔ ملک میں 20 کلو آٹے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 2400 روپے تک ہے۔ حالیہ ہفتے آٹے کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ پشاور میں ریکارڈ کیا گیا۔ پشاور میں آٹے کی فی کلو قیمت میں ایک ہفتے میں 58 روپے تک اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 406 روپے 89 پیسے مہنگا ہوا اور 20 کلو آٹے کی زیادہ سے زیادہ قیمت 2400 روپے تک پہنچ گئی۔ ادارہ شماریات نے بتایا کہ آ ٹے کے 20 کلو تھیلے کی فی کلو قیمت میں اوسط 20 روپے 34 پیسے کا اضافہ ہوا اور آٹے کی اوسط فی کلو قیمت 81 روپے سے زائد ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق ملک میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی اوسط قیمت بڑھ کر 1621.32 روپے ہو گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے آٹے کی قیمت میں سب سے زیادہ اضافہ پشاور میںریکارڈ کیا گیا اور فی کلو قیمت میں 58 روپے تک اضافہ ہوا جبکہ 20 کلو آٹا 980 روپے سے بڑھ کر 2050 روپے کا ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق کراچی اور کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کی قیمت 2400 روپے تک پہنچ گئی اور دونوں شہروں میں فی کلو آٹا 120 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے جبکہ حیدرآباد میں 2300 روپے‘ خضدار اور لاڑکانہ میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 2200 روپے کا ہو گیا۔ ادارہ شماریات نے بتایا کہ سکھر میں آٹے کا 20 کلو تھیلا 2040 میں فروخت کیا جا رہا ہے۔ بنوں میں 1950 سے بڑھ کر 2100 روپے‘ اسلام آباد‘ راولپنڈی اور لاہور میں 20 کلو آٹا 980 سے بڑھ کر 1295 روپے کا ہو گیا۔ گوجرانوالہ‘ سیالکوٹ‘ فیصل آباد‘ ملتان میں 20 کلو آٹا 980 سے بڑھ کر 1295 روپے کا ہوا۔
ادارہ شماریات

مزیدخبریں