لاہور: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف تعیناتی پر عمران کا دباؤ تسلیم کیا گیا تو ادارے کی تباہی ہوگی۔پاکستان مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی نہ مقبولیت ہے اور نہ کوئی بیانیہ ہے، جب یہ حکومت میں تھے تو مہنگائی تھی لیکن بیانیہ ہمارے خلاف تھا، اب ہم حکومت میں ہیں اور بے شک مہنگائی ہے لیکن وزیراعظم پرعزم ہیں کہ عوام کو ریلیف دے سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی وقت پر اور اپنے طریقہ کار کے مطابق ہوگی ، اگر دباؤ میں آکر سربراہ کی تعیناتی قبل از وقت یا موخر کی گئی، تو یہ اس ادارے اور ملک کی تباہی والی بات ہے، یہ غلط رواج ڈالا جا رہا ہے، اس کو یہیں دفن کرنا ہوگا، عمران کے اس مطالبے پر قطعا آرمی چیف کی تبدیلی پر کوئی اثر نہیں پڑنا چاہیے، وہ وقت پر اپنے طریقہ کار کے مطابق ہونی چاہیے۔رانا ثنا کا کہنا تھا کہ ہمیں کسی بات پر اعتراض نہیں، یہ بات سلیقے اور طریقے سے کی جاتی تو کوئی ایسی بات نہ تھی، ایسا قطعا نہیں کہ جو تعیناتی کرے گا وہ اس سے مستفید ہوگا، تاریخ سب کے سامنے ہے، لیکن یہ گھٹیا حرکت پہلی بار ہوئی ہے، عمران خان نے اس معاملے کو اتنا الجھادیا کہ اگر اس صورتحال کو تسلیم کیا جائے گا تو تباہی ہوجائے گی اور ہر تین سال بعد یہی ہوا کرے گا۔