2301بجلی چورگرفتار، 7ارب 88کروڑ ریکوری، مقصد مفت خوری والا رویہ بدلنا ہے: سیکرٹری پاور

قصور‘ بھکھی‘شیخوپورہ، کامونکی، اسلام آباد ( نمائندہ نوائے وقت‘ این این آئی) سیکرٹری پاور راشد لنگڑیال نے بجلی چوری کے خلاف کارروائی کرنے کی وجہ بتا تے ہوئے کہا ہے کہ بجلی چوری کے خلاف مہم جرمانوں اور وصولیوں کیلئے نہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اعداد و شمار بتاتے ہوئے راشد لنگڑیال نے کہا کہ بجلی چوروں سے 7 ارب 88 کروڑ 90 لاکھ روپے وصول کر لیے ہیں۔ اب تک 2301 بجلی چور گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ راشد لنگڑیال نے بتایا کہ بجلی چوروں کے خلاف 15 ہزار 47 ایف آئی آر درج ہو چکی ہیں۔ بجلی چوری کے خلاف مہم جرمانوں اور وصولیوں کے لیے نہیں بلکہ مفت خوری کے رویے میں تبدیلی کے لیے ہے۔ قصور میں 1315 افراد کے خلاف مقدمات درج۔ 368 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ 7 کروڑ 16 لاکھ 80 ہزار روپے کی ریکوری کی گئی ہے۔ بجلی چوروں کو پکڑنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا ضلع بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے اور اب تک بجلی چوری کرنے والے 1315 افراد کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ بجلی چوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔ نادہندگان کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ شہری اپنی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے والے بجلی چوروں کو پکڑنے میں ہمارا ساتھ دیں۔بجلی کے اُوور بلوں کے خلاف انجمن کاشتکاراں ضلع شیخوپورہ سچاسودفاروق آباد سب ڈویژن کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، قیادت ضلع صدر افضال بھٹی نے کی مظاہرین کی ہاتھوں میں بینرز اور پلےکارڈز اُٹھارکراُوور بلوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی افضال بھٹی ودیگر نے کہا کہ سچاسودا فاروق آباد سب ڈویژن کی جانب سے کسانوں کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا جارہا ہے ٹیوب ویلز کے بلوں میں 1000سے لے کر2000تک کے اضافی یونٹ بھیج کرزائد بل وصول کیے جارہے ہیں ۔لیسکو شیخوپورہ نے بجلی چور مافیا سے 32 لاکھ روپے ریکور کر لیے مزید 40 لاکھ روپے کی ریکوری کے لیے 50 ایف ائی ار کا اندراج پولیس کے چھاپے بااثر ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری توانائی کے احکامات پر ایس ای لیسکو شیخوپورہ نجم الحسن کی ہدایت پر ایکسین سٹی عامر نواز،ایکسین رورل رضوان احمد قریشی نے متعلقہ ایس ڈی او رانا ظفر، سید ابصار حسین کی سربراہی میں سرویلنس ٹیم تشکیل دی جس میں میٹر انسپیکٹر میاں شاہد اقبال،فیض الحسن بلوچ،رانا عتیق،نھاکرنوریش،ٹھاکر امن،لائن سپریڈینٹنٹ رانا محمد شبیر، ارسلان بٹ،جنید سلیم چغتائی،چئیرمین کبیر حسین منج،سیکٹری عابد علی شاہ اور سرکل چیئرمین رانا محمد شفیق نے گنگ روڈ محلہ بمبنوالہ، جناح پارک،طارق روڈ،جوئیاں والا سمیت دیگر علاقوں میں مشترکہ سرچ اپریشن کیا لیسکوٹیموں نے ڈائریکٹ تاریں لگانے میٹر ٹیمپرنگ کے علاوہ دیگر ذرائع سے بجلی چوری کرنے پر 50 ایف ائی ار درج کروا دی ۔ گزشتہ روز سرکل پولیس نے ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کرنے پر لالو پور منظور احمد، نند پور کے محمد ارشد، غلام مصطفیٰ، کوٹلی نواب کے محمد افضل، مانگٹ کالر کے سرور مسیح، تتلے عالی روڈ کے ارشد، محمد وقاص اور واجد علی کو گرفتار کرکے الگ الگ مقدمات درج کر لئے ۔

ای پیپر دی نیشن