اسلام آباد‘ لاہور (نوائے وقت رپورٹ‘ نامہ نگار‘ اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) کے لیے بھتہ لینے والے سرگرم گروہ کوگرفتار کرلیاگیا ہے جنہوں نے دوران تفتیش بھتہ لینے کے طریقہ کار کے حوالے سے بڑے انکشافات کیے ہیں۔گرفتار کیے گئے تنظیم کے ارکان کافی عرصے سے مختلف طریقوں سے ٹی ٹی پی کو بھتہ خوری میں معاونت فراہم کررہے تھے ۔ ملزمان نے ٹی ٹی پی کے کمانڈرز کی افغانستان میں موجودگی کی بھی تصدیق کی ہے۔گرفتار ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ ٹی ٹی پی کمانڈر عبدالرازق جو اس وقت افغانستان میں ہے، ہمیں واٹس ایپ کے ذریعے ہدایات دیتا تھا۔ملزم نے انکشاف کرتے ہوئے مزید بتایا کہ ٹی ٹی پی کمانڈر عبدالرازق لوگوں کے گھروں اور دکانوں کی ویڈیوز منگوا کر انہیں بھتے کے لیے افغانستان سے کالز کرتا تھا اور بھتہ نہ ملنے یا تاخیر کی صورت میں جان سے مارنے یا اغوا کی دھمکیاں دیتا تھا۔علاوہ ازیںکاو¿نٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لیے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں83خفیہ آپریشنز کئے۔ جن کے دوران83مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اورکالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے13 دہشت گردوں کو گرفتارکر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ، دھماکہ خیز و دیگر ممنوعی مواد برآمد کر لیاگیا۔دریں اثنااسلام آبادکیپٹل پولیس نے کھنہ پل پہاڑی راولپنڈی کے قریب سے دو دہشت گرد گرفتار کر لئے۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ دہشت گردوں کے قبضہ سے بارودی مواد‘ اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد۔ گرفتار دہشت گردوں کو تفتیش کیلئے تھانہ منتقل کر دیا گیا ہے۔
کالعدم ٹی ٹی پی کیلئے بھتہ لینے والا گروہ، پنجاب اور اسلام آبادسے 15دہشت گرد گرفتار
Sep 24, 2023