جسٹس اعجاز، جسٹس عائشہ، عمر عطا بندیال، ثاقب نثار کیخلاف مس کنڈکٹ شکایات بے بنیاد

Sep 24, 2023

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سپریم جوڈیشل کونسل کے انکوائری جج جسٹس سردار طارق مسعود نے ججز کے خلاف مس کنڈکٹ کی شکاےات پر اپنی رپورٹ کونسل میں جمع کرا دی ہے۔ ذرائع کے مطابق انکوائری جج جسٹس سردار طارق مسعود نے اپنی قانونی رائے دیتے ہوئے سابق چیف جسٹس عمر عطاءبندیال، ثاقب نثار اور سپریم کورٹ کے ججز جسٹس اعجاز الاحسن اور جسٹس عائشہ ملک کیخلاف مس کنڈکٹ کی شکایات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کونسل سے شکاےات خارج کرنے کی سفارش کی ہے، شکایات عام شہریوں کی جانب سے دائر کی گئیں تھیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم جوڈیشل کونسل اپنے اجلاس میں انکوائری جج کی رپورٹ پر حتمی فیصلہ کرے گی کہ شکاےات پر مزید کارروائی چلانی ہے ےا انہیں خارج کرنا ہے۔ دوسری جانب رجسٹرار سپریم کورٹ نے ہائیکورٹس کے تضاداتی فیصلوں سے متعلق اہم سرکلر جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ میں ہائی کورٹس کے فیصلوں کے خلاف کئی اپیلیں زیر التواءہیں۔ رجسٹرار نے ہائی کورٹس کے تضادات والے فیصلوں کی فہرستیں مرتب کرنے کا حکم دے دیا اعلامیے کے مطابق چیلنج ہونے والے ہائیکورٹس کے بعض فیصلوں میں تضادات کی نشاندہی ہوئی ہے۔ متعلقہ آفس 15 روز میں تضادات والے فیصلوں کی فہرست تیار کر کے جمع کرائے۔

مزیدخبریں