حکومت نے زائد قیمت پر دوائیں فروخت کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کا کہنا ہے کہ زیادہ قیمت پر دوائیں فروخت کرنے والے ناجائز منافع خوروں کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس دوا کی پوری کھیپ واپس منگوالی ہے جس سے مبینہ طورپر لوگوں میں آشوب چشم کا مرض پھیلا۔اسلام آباد میں پنجاب کے وزیر صحت جمال ناصر ملک کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے اورعوام کو تحقیقات کے نتائج سے آگاہ کیاجائے گا۔انہوں نے ملک میں ڈینگی کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے کہاکہ صورتحال اچھی طرح قابو میں ہے اور گزشتہ سال کے مقابلے میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں کمی دیکھنے کو ملی ہے۔