شہید ڈی ایس پی علی رضا کا قتل،پولیس نےملوث ملزمان کے خاکے جاری کردیے

کراچی: سندھ پولیس نے شہید ڈی ایس پی سی ٹی ڈی علی رضا کے قتل میں ملوث پانچ ملزمان کے تصویری خاکے جاری کردیے۔سوشل میڈیا پر سندھ پولیس کے آفیشل پیج سے ملزمان کے خاکے جاری کیے گئے ہیں. پولیس کا کہنا ہے کہ یہ تصویری خاکے سی ٹی ڈی کی جانب سے تیار کیے گئے ہیں اور ان کو سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر شواہد کی روشنی میں بنایا گیا ہے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر اپنے گردونواح میں ان تصویری خاکوں والے افراد کو دیکھیں تو فوراً قریبی تھانے، پولیس ہیلپ لائن 15، یا 021-99203430 پر اطلاع دیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کی اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

واضح رہے کہ 7 جولائی کو کراچی کے علاقے کریم آباد کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کے افسر ڈی ایس پی علی رضا شہید ہو گئے تھے. انہیں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔واقعے میں قریبی بلڈنگ میں سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور گارڈ بھی فائرنگ سے شدید زخمی ہوا تھا اور بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تھا۔سی ٹی ڈی کے سینئر افسر راجا عمر خطاب کا کہنا تھا کہ شہید افسر نے کالعدم تنظیموں جیسے ٹی ٹی پی، فرقہ وارانہ گروپوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کام کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ مقتول افسر علی رضا سابق شہید ایس ایس پی چوہدری اسلم کے قریبی ساتھی تھے۔

ای پیپر دی نیشن