اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے )چین کے صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم شہباز شریف کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ میں آپ کے ساتھ مل کر چین پاکستان سٹرٹیجک تعاون کے فروغ اور سی پیک کی تعمیر کیلئے کام کرنے کا خواہاں ہوں، چینی صدر نے کہا کہ پاکستان اور چین سٹریٹجک شراکت دار ہیں، دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے پر بھروسہ کیا اور ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا،ہمارے تعلقات پر بدلتا ہوا بین الاقوامی منظر نامہ کبھی اثرانداز نہیں ہوا ۔ وزیراعظم شہبازشریف کی سالگرہ پر تہنیتی خط خط پاک چین سفارتی تعلقات کی مضبوطی کی جانب ایک غیر معمولی پیش رفت ہے۔ صدر شی جن پنگ نے کہا پاکستان اور چین کٹھن اور اچھے وقتوں کے سٹریٹجک تعاون کے شراکت دار ہیں۔ رواں برس جون میں آپ نے چین کا کامیاب دورہ کیا جس میں ہمارے مابین خوشگوار تبادلہ خیال ہوا اور متعدد امور پر اتفاق ہوا۔ چین پاکستان تعلقات کی مضبوطی میرے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ چینی صدر نے کہا کہ آپ کے ساتھ مل کر متعدد شعبوں میں تعاون اور اس جدید دور میں چین و پاکستان کے لوگوں کے مابین گہرے تعلقات سے ایک مشترکہ مستقبل کیلئے کام کرنے کا خواہاں ہوں۔ آپ کے لئے اچھی صحت اور ہر قدم کامیابی کی تمنا ہے۔ جبکہ جواب میں شہباز شریف نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ صدر شی جن پنگ کی طرف سے میری سالگرہ کے موقع پر نیک تمنائوں کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔خیرسگالی کے جذبے کے لیے آپ کا شکر گزار ہوں۔ ہم مل کر مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک خوشحال پاکستان چین کمیونٹی کی تعمیر کے لیے بھرپور کوشاں رہیں گے۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے سعودی عرب کے94 ویں قومی دن کے موقع پر ایک ٹویٹ میں کہا کہ خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز السعود، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے ساتھ ساتھ مملکت سعودی عرب کے برادر عوام کو تہہ دل سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر فخر ہے۔ دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، ہم سعودی عرب کی عظیم قیادت کے وژن کے تحت مثالی ترقی اور امت مسلمہ اور دنیا میں اتحاد، امن اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اس کے کردار کوسراہتے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات باہمی احترام، تعاون، مشترکہ اقدار اور پائیدار دوستی پر مبنی اقدار کے حامل ہیں، ہم ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرک اور صاحب بصیرت قیادت کو بھی ازحد سراہتے ہیں، پاکستانی عوام دل کی اتھاہ گہرائیوں سے یہ اعتراف کرنے میں میرے ساتھ ہیں کہ سعودی عرب نے وقتاً فوقتاً پاکستان کی معاشی صورتحال کو مستحکم کرنے میں ہمیشہ فیاضانہ معاونت کی، ان تاریخی اقدامات کے ذریعے سعودی عرب نے ہمیں ہمیشہ کیلئے اپنا گرویدہ بنا لیا ہے۔ ہم خطے میں امن، استحکام اور ترقی کیلئے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ ا? تعالیٰ مملکت سعودی عرب کو خوشحالی، ترقی اور کامیابی سے ہمکنار کرے۔