دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنائیں گے ، صدر کی سعودی عرب کے قومی دن پر مبارکباد : مریم نواز گورنر پنجاب نے سفیر سے ملکر کیک کاٹا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے سعودی عرب کی سالگرہ کے موقع پر سعودی سفارتخانے کے زیر انتظام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور سعودی عرب کے ساتھ معیشت،تجارت، دفاع، ثقافت، اورتعلیم کے شعبوں میں روابط بڑھانے پر زور دیا  ،صدر مملکت نے اس موقع پر حرمین شرفین کو دلی مبارکباد دی ،صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین برادرانہ تعلقات ہیں-پاکستان اور سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے،صدر مملکت نے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدل عزیز آل سعود کے ویژن اور سعودی عرب کی قابل قدر ترقی  کو سراہا-صدر مملکت نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے جرات مندانہ اقدامات ملک کو آگے بڑھائیں گے-صدر مملکت نے سعودی عرب کے ترقی کے سفر میں مزید منازل طے کرنے کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا-صدر مملکت نے مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کرنے پر سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا-صدر مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تعلقات آنے والے سالوں میں مزید مضبوط ہوں گے-صدر مملکت نے زور دیا کے دونوں برادر ممالک اپنی اقوام کی ترقی، امت مسلمہ کے اتحاد اور خطے میں امن و  استحکام کے فروغ کے لئے کام کریں۔ تقریب میں آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم، پنجاب، خیر پختونخوا اور سندھ کے گورنرز اور وزیر اعلی پنجاب   مریم نوازکے علاوہ وفاقی وزراء  پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، غیر ملکی سفارتکاروں، سعودی شہریوں، معززین اور اعلیٰ سول و فوجی افسران نے شرکت کی۔۔ قبل ازیں تقریب کا آغاز پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانوں کی دھنوں سے ہوا۔ اس موقع پر صدر مملکت نے سعودی عرب کے سفیر اور دیگر مہمانوں کے ہمراہ سعودی عرب کی 94 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا۔ تقریب میں صدر مملکت نے پیرس اولمپکسکس کے گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو غلاف کعبہ تحفے کے طور پر پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن