لاہور(سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انو رکی ہدایت پر پنجاب ہائی وے پٹرول لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں شاہرات پر شہریوں کی خدمت و تحفظ کیلئے شب و روز مصروف عمل ہے۔ پی ایچ پی کی ٹیمیں قوانین کی پاسداری اور انسداد جرائم کیلئے ایس او پیز کے مطابق قانونی کاروائیاں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پنجاب ہائی وے پٹرول نے ہفتہ وار کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔ پی ایچ پی نے شاہرات پر بذریعہ ای پولیس پوسٹ ایپ 5 لاکھ 27 ہزار 2 سو 43 افراد کو چیک کیا۔ دورانِ چیکنگ 97 اشتہاری مجرمان، عدالتی مفروران کو گرفتار کیاگیا۔ 46 چوری شدہ گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں برآمد کیں۔ روڈ سیفٹی مہم کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر 48 ہزار 9 سو ای چالان کیے گئے۔ جرمانے کی مد میں 2 کروڑ 10 لاکھ روپے کی رقم خزانے میں جمع کروائی گئی۔ گیس سلنڈر کے غیر قانونی استعمال پر 243 گاڑیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر 3722 ڈرائیونگ لائسنس جاری کیے گئے۔ 16 گمشدہ بچوں کو ان کے والدین سے ملوایا گیا۔44 عارضی و مستقل تجاوزات کو ختم کر کے ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنایا گیا۔