کراچی (کامرس رپورٹر)سندھ اسمبلی نے پیر کو اپنے اجلاس کے دوران صوبے میں نشہ آوراشیا پرضابطے کا ترمیمی بل اتفاق رائے سے منظور کرلیا جسے سنیئرصوبائی وزیر ایکسائیز شرجیل انعام میمن نے ایوان میں میں پیش کیا تھا۔اس سے قبل قائمہ کمیٹی کے چیئرمین نجم مرزا نے قائمہ کمیٹی کی رپورٹ پیش کی۔اس موقع پر قانون کی غرض و غایت پر روشنی ڈالتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے منشیات کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے ، سندھ میں پیپلز پارٹی کی منتخب عوامی حکومت کا یہ پختہ عزم ہے کہ معاشرے کومنشیات کی لعنت کو مکمل طور پر پاک کیا جائے گا۔ایوان نے تمام ارکان سے تعاون کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ہر اسمبلی کا ممبر خود کو یہ سمجھے کے وہ نارکوٹس کا وزیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف کاروائی کیلئے کسی بھی چیز کی ضرورت ہو نارکوٹس ڈپارٹمنٹ فراہم کرے گا کیونکہ ہمیں نوجوان نسل کو صحیح راستے پر لگانا ہے اور اسے منشیات سے بچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جہاں بھی منشیات کی اطلاع ملے گی ہم سخت کارروائی کریں گے۔اس ضمن میں ہر کسی کو اپنا فرض نبھانا ہوگا۔ وزیر ایکسائز نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں حکومت کابینہ وزیر اعلی کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس معاملے کی اہمیت کو سمجھا۔انہوں نے خبردار کیا کہ منشیات کے دھندے میں ملوث کوئی کتنابااثر کیوں نہ ہو بچ نہیں سکے گا۔آنے والے دنوں میں سخت کارروائیاں ہوں گی۔ایوان کی کارروائی کے دوران وزیر اپرلیمانی امور ضیا الحسن لنجار کی جانب سے ٓڈیٹر جنرل ، آبپاشی ،ورکس اینڈ سروسز اور دیگر محکموں کی آڈٹ رپورٹس بھی پیش کی گئیں۔آڈیٹر جنرل کی رپورٹ سندھ اسمبلی کی پبلک اکانٹس کمیٹی کو بھیج دی گئی۔بعدازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس منگل کی دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔