اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ڈپلومیٹک انکلیو میں سعودی عرب کے سفارت خانے آمد ہوئی۔ سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا استقبال کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ نے سعودی سفیر سے ملاقات کی اور سعودی عرب کے قومی دن پر سعودی عرب کے سفیر کو مبارکباد دی۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے شاہی خاندان اور عوام کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے مشکل کی ہر گھڑی میں بھرپور تعاون پر سعودی عرب کی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے ہر آزمائش میں پاکستان کا پورا ساتھ دیا ہے، سیلاب ہو یا زلزلہ، معاشی مشکلات یا کوئی اور ایشو، سعودی عرب کے بے پایاں تعاون کی نظیر نہیں ملتی۔ محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب سے ہر مسلمان کو خصوصی عقیدت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی کو سعودی عرب سے تاریخی دوستی پر ناز ہے۔ سعودی سفیر نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں، پاکستان ہمارا برادر ملک ہے۔