ثقافتی روایات اہم، بلاول بھٹو پارٹی ،ترجمانوں کے ساتھ آئینی عدالت پر گفتگو 

Sep 24, 2024

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پشتون ثقافتی دن کے موقع پر پیغام پشتون عوام سمیت پوری پاکستانی قوم کو پشتون کلچر ڈے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی وحدت کو مضبوط بنانے میں ثقافتی روایات کو تحفظ اور فروغ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ ثقافتی دن ہمیں پشتون قوم کی گہری تاریخی جڑوں، بہادری اور ثابت قدمی کی یاد دلاتا ہے۔ پشتون روایات کو عزت اور وقار کے ساتھ بھرپور انداز میں منانا چاہیے، پشتون روایات میں مہمان نوازی، وفاداری، اور انصاف کے اصول ہم سب کے لیے باعثِ تحریک ہیں۔ ہمیں ان اصولوں کو برقرار رکھنا چاہیے اور ملک میں تمام نسلی گروہوں کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہیے۔ نوجوان نسل کو اپنی ثقافتی شناخت پر فخر ہونا چاہیے۔ ہمیں ایک ترقی پسند، جمہوریت پسند اور پْرامن قوم کی تعمیر کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنا ہوں گی، ہمیں مل کر پاکستان کی ثقافتی تنوع کو نسل در نسل فخر اور قوت کا ذریعہ بنانا ہو گا۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ آصفہ بھٹو زرداری اور پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی اجلاس میں موجود تھیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے پی پی پی ترجمانوں سے آئینی عدالت سے متعلق پیپلز پارٹی کے مؤقف پرمبنی نکات پر تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس میں شیری رحمان، شازیہ مری، نثارکھوڑو، شرجیل میمن، ناصر شاہ، مرتضٰی وہاب، سعید غنی، چودھری منظور و دیگر نے شرکت کی۔

مزیدخبریں