چینی کمپنی کیساتھ ملکر تیل وگیس کے ذخائر کی تلاش میں اضافہ کریں گے: مصدق ملک 

Sep 24, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے دورہ چین کے دوران چائنہ نیشنل آف شور آئل کارپوریشن کے حکام سے ملاقات کی جس میں مستقبل کی سرمایہ کاری کیلئے روڈ میپ پر اتفاق کیا گیا۔ نائب صدر سینوک کمپنی نے کہا کہ پاکستان سے تعاون ہماری ترجیح ہے۔ مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کی توانائی کی ضروریات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ چینی کمپنی کے ساتھ ملکر تیل و گیس کے ذخائر کی تلاش میں اضافہ کریں گے۔ اعلامیہ کے مطابق چائنہ نیشنل آف شور آئل کارپوریشن کو تیل و گیس کی تلاش میں نمایاں مقام حاصل ہے۔ وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے چین میں شانزی نان فیرس میٹلز ہولڈنگ کمپنی کا دورہ کیا۔ اعلامیہ کے مطابق کمپنی مائننگ جیولوجی‘ معدنیات کی تلاش اور پراسیسنگ میں مہارت رکھتی ہے۔ وزیر پٹرولیم نے کہا کہ پاکستان معدنیات سے مالا مال ہے۔ چینی کمپنی کے ساتھ شراکت داری پاکستانی مائننگ میں جدت کا نیا باب کھولے گی۔ جیولوجیکل سروے معدنیات کی دریافت میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ چینی کمپنی کے بورڈ چیئرمین نے کہا کہ یہ شراکت داری دوطرفہ تعاون کیلئے مفید ثابت ہو گی۔ پاکستان کو ہمیشہ بہترین ساتھی‘ دوست اور ہمسایہ سمجھتے ہیں۔ دونوں جانب سے سونے‘ تانبے اور دیگر میٹلز کی مائننگ کیلئے فوکل پرسن مقرر کر دیئے گئے۔

مزیدخبریں