جماعت اسلامی یکم تا 7 اکتوبر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا ہفتہ منائے گی: حافظ نعیم 

Sep 24, 2024

لاہور +کراچی (خصوصی نامہ نگار+کامرس رپورٹر) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کی پشت پناہی میں اسرائیل کی جانب سے غزہ پر حالیہ جارحیت ودہشت گردی کا ایک سال مکمل ہونے پر جماعت اسلامی کے تحت پورے ملک میں یکم تا 7 اکتوبر اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کا ہفتہ منایا جائے گا۔ 6اکتوبر کو کراچی میں عظیم الشان اور تاریخی ’’غزہ ملین مارچ‘‘ کیا جائے گا، 7اکتوبر اسلام آباد میں مارچ اور پورے ملک میں 12بجے دن عوام اور ہر شعبہ زندگی وطبقے سے وابستہ افراد سڑکوں پر نکل کر اسرائیل کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔ ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ بھی 7اکتوبر کو سرکاری طور پر احتجاج کا اعلان اور عوام سے سڑکوں پر نکلنے کے اپیل کرے۔ جماعت اسلامی کے راولپنڈی میں 14روزہ دھرنے میں حکومت سے کیے گئے تحریری معاہدہ کی مدت کے 45دن  پور ے ہوگئے ہیں، آج منصورہ میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ حکومت نے عوامی ریلیف کے لیے کوئی خاطر خواہ عملی اقدامات نہیں کیے ہیں، پہیہ جام ہڑتال ایک یا تین دن اور اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ سمیت عوام سے بجلی کے بل ادانہ کرنے کی اپیل کے آپشن موجود ہیں، حکومت اپنی عیاشیاں اور حکمرانوں کی شاہ خرچیاں ختم کرے، بڑے جاگیرداروں پر ٹیکس لگائے، تاجرو ں اور عوام پر ظالمانہ ٹیکس واپس لے، بجلی کی قیمتیں اس کی اصل لاگت کے مطابق اور پیٹرول کی قیمتیں مزید کم کرے، آئی پی پیز سے کیے گئے عوام دشمن اور ظالمانہ معاہدوں بالخصوص مخصوص آئی پی پیز کو نوازنے اور اربوں روپے کی کیپسٹی پیمنٹ کا بھاری بھرکم بوجھ عوام پر نہ ڈالا جائے، کے الیکٹرک کی نجکاری کا کراچی کے عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا، اسی طرح آٹا اور شوگر مافیا، آئی پی پیز مالکان جو حکمرانوں کے قریب ہیں اور چند خاندانوں کے ہاتھوں میں پورا نظام چل رہا ہے، جب تک ان سے جان نہیں چھوٹے گی عوام کی حالت اور قومی معیشت بہتر نہیں ہوگی، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمت فی بیرل 70ڈالر تک آگئی لیکن عوام کو اس حساب سے ریلیف نہیں دیا گیا، حکومت چاہے تو پیٹرول کی قیمت 150روپے فی لیٹر تک کم کی جاسکتی ہے۔ سندھ پر پیپلزپارٹی 16 سال سے مسلسل حکومت کر رہی ہے اور صوبے کے چھوٹے بڑے شہروں اور عوام کی حالت بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ 

مزیدخبریں