لاہور (رپورٹ: محمد علی جٹ سے) صوبائی دارالحکومت میں تجاوزات مافیا بے لگام، شہر کی اہم شاہراہیں، مارکیٹیں اور بازاروں میں تجاوزات کی بھرمار، ٹریفک جام معمول عام بن گیا۔ انتظامی ادارے مافیا کے سامنے بے بس نظر آنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کی اہم شاہراہوں سمیت بڑی مارکیٹوں اور بازاروں میں حد نگاہ تک تجاوزات مافیا عروج پر ہے جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی میں سنگین مسائل در پیش ہیں، بلکہ عورتوں، بچوں اور ضعیف افراد کا گزرنا بھی محال ہو چکا ہے۔ نوائے وقت سروے کے مطابق لاہور کے نو زونز علامہ اقبال زون، گلبرگ زون، نشتر زون، راوی زون، شالیمار زون، سمن آباد زون، عزیز بھٹی زون، واہگہ زون اور داتا گنج بخش زون کے ایریاز میں ایک بھی مارکیٹ، بازار یا شاہراہ ایسی نہیں جہاں پر ریڑھی بان، خوانچہ فروش، لوڈر رکشہ، عارضی سٹالز اور دکانوں کے آگے سرکار ی جگہ پر تجاوزات نہ موجود ہو، تجاوزات کی زیادتی سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ مافیا کو سرکاری وسیاسی افراد کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے جبکہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی طر ف سے متعدد بار تجاوزات کے خلاف بلاتفریق کارروائی کرکے شہر کو خوبصورت بنانے کے ٹاسک دیا گیا ہے جس پر انتظامیہ کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر آپریشن تو کیے جاتے ہیں مگر آپریشن کے کچھ دیر بعد ہی صورت حال پھر وہی ہوجاتی ہیں۔ خبرکے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام زونز سے آپریشن کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ لی جارہی ہے جبکہ متعدد افسروں و ملازموں کے خلاف غفلت برتنے پر محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی گئی ہے ۔
شاہراہوں مارکیٹوں بازاروں میں تجاوزات کی بھرمارٹریفک جام معمول
Sep 24, 2024