امت عشق و اطاعتِ رسولِ کریمؐ سے اپنے عمل و کردار کو سنوارے،حسان حسیب الرحمن

Sep 24, 2024

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) حضور نبی کریمؐ کے میلاد پاک کے سلسلہ میں ایک عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفیؐ کا انعقادSlough UK کے مقام پر کیا گیا جس کی صدارت عید گاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمدحسان حسیب الرحمن نے کی ۔ وہ اپنے تبلیغی دورے کے سلسلے میں برطانیہ پہنچے تو ائر پورٹ سے سیدھے محفلِ میلادِ مصطفیؐ میں تشریف لے گئے اور اپنے خطاب میں کہا حضور نبی رحمتؐکے جس عظیم الشان میلاد پاک میں ہم اکھٹے ہیں یہی وہ عظیم محافل ہیں جو ربِ رحمن کی بے پناہ رحمتوں اور برکتوں کے حصول کا ذریعہ، مسلمانانِ عالم کو متحد کرنے والی، احترامِ انسانیت اور ہر قسم کی خیر و خوبی کو فروغ دینے والی محافل ہیں۔موجودہ وقت کا تقاضا ہے کہ امتِ عشق و اطاعتِ رسولِ کریمؐ سے اپنے عمل و کردار کو سنوارے اور مخلوقِ خدا کی فلاح و بہبود جو کہ تمام تعلیماتِ نبوی ؐ کی روح ہے، کے لئے ہر ممکن کوشش کرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بر طانیہ کے تبلیغی دورے کا مقصد بھی حضور نبی کریمؐ کی اعلیٰ ترین نورانی تعلیمات کو مخلوقِ خدا تک پہنچانا اور سمندر پار بسنے والے پاکستانیوں کی توجہ اس طرف مبذول کروانا ہے کہ دیارِ غیر میں بسنے والے پاکستانی دینِ متین کے سپاہی اور وطنِ عزیز کے سفیر ہیں ۔عظیم الشان محفل میلادِ مصطفی میں کثیر تعداد میں علمائے کرام، ثنا خوانانِ مصطفیاور برطانیہ میں بسنے والے عقیدت  مندوں اور مریدین نے شرکت کی۔محفل کااختتام درود  و سلام کے بعد پیر محمدحسان حسیب الرحمن کی خصوصی دعا پر ہوا۔

مزیدخبریں