لاہور چیمبر: کارپوریٹ کلاس الیکشن‘ پیاف پائنیئرز پروگریسو الائنس کا کلین سویپ

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کارپوریٹ کلاس کے انتخاب کے لئے پینل ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی ہے۔ گزشتہ رات گئے الیکشن کمیشن کی جانب سے کارپوریٹ کلاس کے الیکشن کے پینل نتائج کے  حتمی اعلان کے مطابق پیاف پایئنیئرز پروگریسیو الائنس نے کلین سویپ کرتے ہوئے تمام سیٹوں پر کامیابی حاصل کر لی ہے۔ غیرحتمی نتائج کے مطابق پیاف پائینیئرز پروگریسیو الائنس نے کارپوریٹ کلاس کے انتخاب میں 1150 سے لے کر 1182 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مدمقابل پیاف فاؤنڈر ایل بی ایف گروپ کے امیدواروں نے 816 سے 888 ووٹ حاصل کئے۔ واضح رہے کہ کل ووٹوں کی تعداد 4015 تھی جبکہ 2432ووٹ ڈالے گئے۔ واضح برتری پر پیاف پائنیئرز پروگریسیو الائنس کے حامیوں نے جشن منایا۔ ایسوسی ایٹ کلاس کے لئے ووٹنگ آج (منگل) کے روز ہو گی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے کارپوریٹ کلاس کے انتخاب میں نمایاں ووٹرز میں وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک، ہارون اختر، ایس ایم تنویر، میاں مصباح الرحمان، میاں انجم نثار، میاں سہیل نثار، میاں عامر محمود، ناصر حمید خان، فہیم الرحمان سہگل، عادل محمود، شاہد حسن صدیقی، شہزاد علی ملک، مومن علی ملک، علی ترین، ایس ایم عمران، خواجہ عمران نذیر اور چوہدری ذکاء  اشرف سمیت دیگر شامل ہیں۔ ایسوسی ایٹ کلاس کے لیے 13699ممبران آج (منگل) کے روز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پیاف فائونڈرز ایل بی ایف الائنس نے لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر اور نائب صدر ناصر حمید خان کو باضابطہ صدارت کے لیے امیدوار نامزد کررکھا ہے جبکہ پیاف پائنینرز بزنسمین الائنس کی جانب سے فہیم الرحمن سہگل کا نام گردش کر رہا ہے۔ لاہور چیمبر کا سالانہ اجلاس عام 30ستمبر کو ہوگا جبکہ نئے عہدیداران یکم اکتوبر سے دوسال کے لیے اپنے عہدے سنبھال لیں گے۔

ای پیپر دی نیشن