لاہور (کامرس رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ماہانہ اہداف کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ ہدف سے کم وصولی پر ہیڈ کوارٹر کی جانب سے چیف کمشنر کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفس کو مراسلہ جاری کر دیا گیا۔ جاری کئے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفس نے مہینے کے پہلے 18 روز میں ساڑھے 23 ارب ہدف کے مقابلے میں محض 10 ارب 20 کروڑ اکٹھے کئے۔ کارپوریٹ ریجنل ٹیکس آفس نے ہدف کا محض 43 فیصد حاصل کیا۔ ایف بی آر کے ممبر آپریشنز کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مالی سال کے پہلے کوارٹر میں وقت کم ہے، اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے۔ ٹیکس پیئرز کی طرف بقایا جات اور موجودہ ٹیکس کی ریکوری کی جائے۔ ماہانہ سیلز ٹیکس ریٹرنز فائلنگ کو لازمی طور پر یقینی بنایا جائے، ود ہولڈنگ ایجنٹس کی مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے۔ ممبر آپریشنز نے مزید کہا ہے کہ ایڈوانس ٹیکس کی وصولی کو فی الفور یقینی بنایا جائے۔ 30 ستمبر تک انکم ٹیکس ریٹرن اور ٹیکس وصولی پر زور دیا جائے ، ٹیکس کلیکشن کے تمام اقدامات سے آگاہ کیا جا چکا، امید ہے ٹیکس ہدف کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا۔