لاہور(نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے ہم نے گنڈا پورکا سافٹ وئیر اپڈیٹ کردیا ہے۔فلک جاوید کا بے ہودہ باتیں کرنا اسکی خاندانی تربیت کو ظاہر کرتا ہے۔ جب قانون اس پر ایکشن لیتا ہے تو ان کے والدین یہاں آکر مظلوم بن جاتے ہیں۔اظہر صدیق تین بار جعلی بیان حلفی دیتے اور جعلی دستخط کرتے پکڑے گئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا آج پھر مجھے اگلی تاریخ ملی ہے کیونکہ ڈی جی ایف آئی موجود نہیں تھے۔ ایڈوکیٹ اظہر صدیق اس کے والد کے ساتھ کورٹ میں کھڑے تھے جنہوں نے میری جعلی ویڈیو پر پھر بات کی، اس خاتون کا طریقہ واردات یہ ہے وہ باقی خواتین کو شہ دیتی ہے، اس خاتون نے بہت بے ہودہ باتیں کی ہیں، پھر یہ بعد میں کہے گی اس نے کچھ نہیں کیا۔ میں دیکھنا چاہتی ہوں عدالتیں کیا کرتی ہیں، اس خاتون نے جلسے کے دوران بھی وزیر اعلیٰ کے بارے میں جو زبان استعمال کی وہ میں بتا نہیں سکتی۔ اس نے بعد میں جعلی ویڈیو ڈیلیٹ کردی ۔
لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کی چیف جسٹس مس جسٹس عالیہ نیلم نے صوبائی وزیر کی ایڈ یٹڈ تصاویر شوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت 30 ستمبر تک مزید کارروائی ملتوی کر دی۔ فاضل عدالت نے ڈی ایف آئی اے کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری کی پی ٹی آئی کی فلک جاوید خان کے خلاف کارروائی کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت کا پیش نہ ہونے پر ڈی جی ایف آئی اے پر اظہار برہمی کرتے ہوئے استفسار کیا کہ ڈی جی ایف آئی اے کدھر ہیں جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل اسد باجوہ نے عدالت کو بتایا کہ ڈی جی ایف آئی اے چین میں کانفرنس میں شرکت کیلئے گئے ہیں، جس پر انہوں نے ڈی جی ایف آئی اے کا کانفرنس کا دعوت نامہ عدالت میں پیش کر دیا۔ فاضل عدالت نے کہا کہ آپ نے سفری ریکارڈ ساتھ کیوں نہیں پیش کیا گیا کیا عدالت کو مطمئن کرنے کیلئے آپ ایک لیٹر لے آئے ہیں۔ فاضل عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے ایف آئی اے افسران کو عادت نہیں فیلڈ میں جاکر کام کرنے کی۔ فلک جاوید کے والد جاوید اقبال وکیل کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئے جس پر عدالت نے کہا۔کہ آپ کا اس کیس میں متاثرہ فریق نہیں ہیں۔