ننکانہ (نمائندہ خصوصی) نواحی گاؤں مالو آنی کلاں کی رہائشی خاتون پٹھانی بی بی کو سید والا کی کینیڈا کالونی کے نجی ہسپتال لے جایا گیا۔ عطائی غلام مصطفیٰ نے فوری طور پر خود ہی زچہ کا آپریشن کر ڈالا، جس کے باعث اس کی حالت غیر ہوگئی تو اسے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کر دیا گیا جہاں کئی روز موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد خاتون چل بسی۔ خاتون چچا امیر علی اور دیگر ورثاء نے بتایا کہ لڑکی کی طبیعت خراب ہونے پر انہوں نے تھانہ سید والہ اور سی ای او ہیلتھ ننکانہ کو درخواستیں دی تھیں لیکن کسی درخواست پر بھی ملزموں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ متوفیہ کے ورثاء نے ڈپٹی کمشنر ننکانہ کے آفس کے سامنے میت رکھ کر شدید احتجاج کیا۔ ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر رائو نے ورثاء کو پوسٹ مارٹم کرانے اور ملزموں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پر ورثاء نے احتجاج ختم کر دیا۔
عطائی کے آپریشن سے زچہ جاں بحق‘ ورثاء کا ڈی سی آفس ننکانہ کے سامنے مظاہرہ
Sep 24, 2024