امریکا کی ریاست کیلیفورنیا کے اسکولوں میں اسمارٹ فونز کے استعمال کو محدود کرنے یا اس پر پابندی عائد کرنے کا قانون منظور کر لیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسکول بورڈز کو یکم جولائی 2026ء تک کیمپسز میں اس سے متعلق پالیسی تیار کرنی ہو گی جسے ہر 5 سال بعد اپ ڈیٹ کرنے کی بھی ضرورت ہو گی۔
کیلیفورنیا کے گورنر کا کہنا ہے کہ اسمارٹ فونز کا زیادہ استعمال بے چینی، ڈپریشن اور دیگر دماغی صحت کے مسائل کو بڑھاتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ نیا قانون طلباء کو تعلیمی، سماجی ترقی اور ان کے سامنے کی دنیا پر توجہ مرکوز کرنے میں مدد کرے گا.رواں سال دیگر 13 امریکی ریاستوں نے بھی اس طرح کی پابندیاں عائد کی تھیں۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ریاست فلوریڈا نے سب سے پہلے 2023ء میں کلاس میں اسمارٹ فونز کے استعمال پر پابندی لگائی تھی۔
اسمارٹ فونز کے زیادہ استعمال سے دماغی بیماریوں اور سیکھنے کے عمل میں کمی کے خطرے کے پیشِ نظر یہ اقدام کیا گیا تھا۔