کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پختون سٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے رہنما ڈاکٹر عجب خروٹی کا کہنا تھا کہ آٹھ ماہ پہلے گرلز ہاسٹل کی الاٹمنٹ میرٹ پر کی گئی لیکن تاحال اس پر عمل درآمد نہیں ہوسکا جبکہ ہاسٹل میں آﺅٹ سائیڈرز اور قبضہ گروپ نے کمروں کے تالے توڑ کر قبضہ کررکھا ہے جو انتظامیہ کی نااہلی اورکمزوری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نےکہا کہ کمپلیکس کی انتظامیہ نے میرٹ کی دھجیاں اڑاتے ہوئے تیرہ افراد کو امتحان دیئے بغیر داخلہ دیا جس کا اعلٰی حکام کو نوٹس لینا چاہیے۔ ڈاکٹر عجب خروٹی نے کہا کہ بولان میڈیکل کمپلکس انتظامیہ کی نااہلی اور سست روی کے باعث کوئی امتحان مقررہ مدت میں نہیں ہورہا جبکہ پانچ سال کا کورس بھی اب سات سال میں کروایاجارہا ہے۔ اس موقع پر پختون سٹوڈنٹس ایکشن کمیٹی کے رہنماؤں ڈاکٹر نصیب اللہ اور ڈاکٹر نسیم نے بھی پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔