آئی جی پنجاب پولیس طارق سلیم ڈوگر نے کہا ہے کہ پولیس عوام کی حاکم بننے کی بجائے ان کی خادم بنے

پاکپتن میں کھلی کچہری کے دوران خطاب کرتے ہوئے طارق سلیم ڈوگر نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے پولیس کوعوام دوست رویہ اپنانے کا حکم دیا ہے جس کا مقصد پولیس اور عوام میں دوریاں ختم کر کے اعتماد کی فضا بحال کرنا ہے تاکہ لوگ پولیس کو اپنا دوست خیال کریں۔ انہوں نے بتایا کہ چیف سیکرٹری پنجاب کے ساتھ ایک میٹنگ میں جعلی میڈیکل لیگل سرٹیفیکیٹ کے اجراء کی روک تھام کے لیے حکمت عملی وضع کر لی گئی ہے اور اس دھندے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ آئی جی پنجاب نے کھلی کچہری کے دوران سائلین کی درخواستوں پر موقع پر احکامات جاری کئے۔ انہوں نے پولیس کے خلاف شکایات پر مختلف ایس ایچ اوز  اور  اہلکاروں کی تنزلی اور بعض کو معطل کر دیا جبکہ کئی ایک کو شوکاز نوٹس کے احکامات جاری کئے۔ بعد ازاں آئی جی پنجاب نے ڈی پی او آفس بہاولنگر میں بھی کھلی کچہری لگائی اور لوگوں کی شکایات سنیں۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مظلوموں کا لاہور تک پہنچنا مشکل ہوتا ہے اس لیے اضلاع میں جاکر پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او بہاولنگر اور ڈی پی او پاکپتن کو انکی متعلقہ تحصیلوں میں جاکر کھلی کچہریاں لگانے کی ہدایت کی۔

ای پیپر دی نیشن