کراچی پولیس نے گھاس منڈی کے رمی کلب دھماکے اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث کئی ملزموں کو گرفتارکرلیا، آئی جی سندھ فیاض لغاری کا کہنا ہے کہ ملزموں نے بھتہ نہ دینے پر کلب کو نشانہ بنایا۔

سی سی پی او آفس کراچی میں میڈیا کوبریفنگ دیتے ہوئے آئی جی سندھ فیاض لغاری نے کہا کہ سی آئی ڈی پولیس نے گھاس منڈی میں دھماکے کے اہم ملزم مصطفیٰ کوگرفتار کرلیاہے، ملزم نے رمی کلب میں جا کردوکلوکا دھماکہ خیز مواد سے بم بنایا اور اسے رنچھوڑ لائن چوک سے منسلک کرکے دھماکہ کردیا، ملزم نے رمی کلب کے مالک سے بیس لاکھ روپے بھتہ مانگا تھا، بھتہ نہ ملنے پر ملزم نے دھماکہ کیا جس کے نتیجے میں بیس افراد ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم نے وزیرستان سے ٹریننگ حاصل کر رکھی ہے۔ فیاض لغاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے کاروائی کرنے والی ٹیم کے لیے دس لاکھ روپے انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ دوسری اہم کاروائی میں ٹارگٹ کلنگ میں ملوث پانچ ملزموں لیاقت بنگش عرف لیاقت ٹینشن، فیضان، لیاقت یوسف زئی ، ارشد خان ، محمد عظیم کو گرفتارکیا گیا ۔ ملزموں نے رابعہ سٹی، شاہراہ فیصل اور پہلوان گوٹھ میں وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔ فیاض لغاری کا کہنا تھا کہ ملزموں کے خلاف بھتہ لینے، اغواء برائے تاوان اور قبضہ کرنے کے سو سے زائد مقدمات درج تھے، انہوں نے بتایا کہ ملزموں کا گروپ دوسو سے زائد افراد پر مشتمل ہے، جن کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن