قومی اسبملی میں اظہارخیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف چودھری نثار نے کہا کہ ملک میں ایجنسیوں کا کرداراب بھی متنازعہ ہے، ایجنسیاں سیاسی جوڑ توڑ میں مصروف ہیں، انہوں نے اعتراف کیا کہ مسلم لیگ نون کے بعض عناصر بھی ایجنسیوں سے رابطے میں ہیں اس لئے وہ عمران خان کے دھرنے میں شریک ہوئے۔ چوہدری نثار علی خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ایجنسیوں کودائرہ کارمیں رہنے کا پابند بنائیں، ان کی سیاست میں مداخلت درست نہیں، وہ ملک میں نیا ڈرامہ رچا رہی ہیں۔ قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون لیگ نئے صوبوں کے قیام کی مخالف نہیں تاہم نئے صوبے آئین میں درج طریقہ کار کے تحت بننے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق اور سندھ میں انداز حکمرانی جمہوریت کے منہ پر طمانچہ ہے، حکومت اپنا بیڑا غرق کرے، جمہوریت اور ایوان کا نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک دوسرے پر قاتل ہونے کے الزامات لگانے والوں کی حکومت وجود میں آرہی ہے، اس ڈرامے کو پارلیمنٹ کے اندر اور باہر بے نقاب کریں گے۔