بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست تقسیم کار کمپنیوں نے کی تھی جس کی سماعت کے بعد نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے فی یونٹ دو روپے اڑتیس پیسے اضافے کی منظوری دے دی۔تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ فروری اور مارچ کے مہینوں میں پن بجلی کی پیداوار میں کمی سے پیداوار کے لئے فرنس آئل پر انحصار کرنا پڑا اور پیداواری لاگت میں بھی اضافہ ہواجبکہ بین الاقوامی منڈی میں فرنس آئل کی قیمت میں اضافہ بھی لاگت بڑھنے کا سبب بنا۔ نیپرا نے یہ مؤقف سننے کے بعد فروری کے مہینے کے لئے انسٹھ پیسے جبکہ مارچ کے لئے ایک روپیہ اناسی پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی۔ یہ منظوری فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ہے۔ نیپرانے تقسیم کار کمپنیوں کو بجلی چوری اور لائن لاسز کم کرنے کی بھی ہدات کی ہے۔ قیمت میں نئے اضافے کا اطلاق سو یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر نہیں ہوگا جبکہ کے ای ایس سی صارفین بھی اس سے مستثنی ہونگے۔ کے ای ایس سی کے ٹیرف میں اضافے کی درخواست کی سماعت آئندہ ہفتے ہوگی۔