راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جناب جسٹس صغیر احمد قادری اور جناب ر¶ف احمد شیخ پر مشتمل ڈیوژن بنچ نے ممنوعہ کیمیکل ایفیڈرین کوٹے سے زیادہ خریداری کیس میں اسلام آباد اور ملتان کی دو ادویہ ساز کمپنیوں کے ڈائریکٹروں کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی جن کو کمرہ عدالت سے اینٹی نارکوٹکس فورس نے گرفتار کر لیا۔ عدالت عالیہ میں ایک دوا ساز کمپنی ڈاناس اسلام آباد اور دوسری کمپنی برلیکس ملتان کے وکیل کی جانب سے ان کے خلاف مقدمہ کے اخراج اور ڈاناس کے ڈائریکٹر انصر فاروق اور برلیکس کے ڈائریکٹر افتخار خان بابر کی عبوری ضمانت کنفرم کرنے کی استدعا کی تاہم اینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے عدالت عالیہ کے روبرو یہ م¶قف پیش کیا گیا کہ ان دونوں کمپنیوں نے کوٹے سے زیادہ ممنوعہ کیمیکل خریدا تھا۔ آئی این پی کے مطابق ایفی ڈرین کیمیکل کی غیر قانونی فروخت سے 7 ارب روپے کمانے والے افتخار اور انصر فاروق کو اے این ایف کے حکام نے کمرہ عدالت میں ہی ہتھکڑی لگا دی۔آن لائن کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے نزلہ زکام اور دمے کی دوائی ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں مزید 11ادویہ ساز کمپنیوں کو تحقیقات میں شامل کرنے کے بعد ان کمپنیوں کے مالکان کو بیان دینے کیلئے طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اے این ایف نے 25اور 26اپریل کو ان کمپنیوں کے مالکان کو طلب کیا ہے۔