لاہور+خانیوال(خصوصی رپورٹر+خبرنگار) سابق وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 11 مئی کے انتخاب کے بعد پاکستان کی فضاﺅں میں مسلم لیگ کا سبز ہلالی پرچم لہرائے گا اور عوام تیر اور بلے کے گٹھ جوڑ کو شکست دے دیں گے۔ گزشتہ روز خانیوال میں جلسہ¿ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ این آئی سی ایل جیسے سکینڈلز میں اربوں روپے کی کرپشن کرنے والے لوگ بھی الیکشن میں عوام سے حمایت کی توقع رکھتے ہیں۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ پانچ برسوں میں زرداری اور اس کے حواریوں نے پاکستان کے دیہات اور شہروں کو یکساں طور پر تباہ کیا ہے۔ بجلی کی لوڈشیڈنگ سے آج ہماری صنعت اور زراعت بدترین صورتحال کا شکار ہے۔ زرداری حکومت کی کرتوتوں کی وجہ سے فیکٹریوں کی چمنیوں سے دھواں اٹھنا بند ہوگیا، ٹیوب ویلوں نے کام چھوڑ دیا، کھیت سوکھ گئے اور پاکستان کے کروڑوں ڈالر کے ایکسپورٹ آرڈر منسوخ ہو گئے۔ پاکستان کے عوام مسلم لیگ (ن) پر اس لیے اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں کہ وہ جانتے ہیں کہ جو قیادت سیلاب میں برباد ہونے والے لاکھوں خاندانوں کو بحال کر سکتی ہے، ڈینگی پر ایک سال میں قابو پا سکتی ہے اور دس ماہ کی قلیل مدت میں میٹرو بس چلا سکتی ہے وہ یقیناً دو سال کی مدت میں لوڈشیڈنگ پر بھی قابو پانے میں کامیاب ہو جائے گی۔ تیر اور بلے کی ساز باز کا بھانڈا پھوٹ چکا ہے اور بلاول زرداری نے عمران خان کی زبان بولتے ہوئے اس جھوٹے الزام کو دہرا دیا ہے کہ میٹرو بس پر 70 ارب روپے خرچ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ایک وزیراعظم نے ملتان کی ترقی کے نام پر سرکاری خزانے کو 50 ارب روپے کا ٹیکہ لگایا جبکہ اہل ملتان گواہ ہیں کہ عملی طور پر وہاں 5 ارب روپے کا کام بھی نہیں ہوا۔ قبل ازیں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق سپیکرقومی اسمبلی فخر امام نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل روشن ہے کیونکہ مستقبل کا پاکستان نواز شریف اور شہباز شریف کا پاکستان ہے۔ خبرنگار کے مطابق میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ تیر اور بلا مل چکا ہے دونوں ایک زبان سے ایک بات کرتے ہیں انکی تقریر لکھنے والا بھی ایک ہی شخص ہے۔ 11 مئی کو شیر پر مہر لگا کر نوازشریف کو کامیاب کریں تاکہ پاکستان سے کرپشن، لوٹ مار، بے روزگاری اور اندھیروں کا خاتمہ کر سکیں۔ ہم نے گزشتہ پانچ سالوں میں پنجاب میں جو ترقیاتی کام کئے اسکی کہیں مثال نہیں۔ ٹراماسنیٹر کا آغاز کیا، کبیر والا میں سپیشل افیئرز، ڈگری کالج، قبضہ گروپوں کے چنگل سے آزاد کروا کر سٹی پارک بنایا۔ سڑکوں کے جال بچھائے۔ خانیوال میں ایسے امیدوار میدان میں ہیں جو اربوں روپے کے این سی ایل کرپشن میں رنگے ہوئے ہیں۔ حاجیوں کی جیبیں کاٹیں، سیف سٹی کے نام پر رقمیں ہضم کیں، بجلی پیدا کرنے کے دعوے کئے مگر ملک کو اندھیروں میں پھینک دیا۔ بلاول زرداری بھی بے پاز کی طرح میٹرو بس منصوبے کو 70 ارب روپے کا بتاتا ہے۔ انکے پیٹ میں مروڑ اٹھتے ہیں۔ اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سہیل سکندر اور سابق ناظمین ولی اللہ شاہ کھگہ، انور جٹ، شیخ فتح علی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔