لاہور (ثناء نیوز) امیر جماعۃ الدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان میں اداروں کے باہمی ٹکرائو کی کوششیں بھارت اور امریکہ کی خوفناک سازش ہے۔ استحکام پاکستان کیخلاف سازشیں ناکام بنانے کیلئے قوم متحد و بیدار ہو جائے۔ پاکستان کے محافظوں کے خلاف پراپیگنڈا بھارتی سازش ہے۔ ملک میں امن و سلامتی کے قیام کیلئے بیرونی قوتوں کی مداخلت ختم کرنا انتہائی ضروری ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انتخابات کے تاریخی بائیکاٹ سے ثابت ہو گیا کہ کشمیری قوم کسی صورت بھارت کا غاصبانہ قبضہ تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہے۔ بھارت کو نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہئے کہ وہ محض طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کو زیادہ دیر تک غلام بنا کر نہیں رکھ سکتا۔ وہ گذشتہ روز مرکز القادسیہ چوبرجی میں جماعۃالدعوۃ کے مرکزی ذمہ داران کے ایک اجلاس کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ بھارت، امریکہ اور اسرائیل کی پاکستان میں مداخلت خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے ۔ اسے ختم کئے بغیر ملک میں امن وامان قائم نہیں ہو سکتا۔ پاکستان میں منظم منصوبہ بندی کے تحت قتل و غارت گری، لسانیت و علاقائیت کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔ ملک کو سیکولر بنانے کیلئے کروڑوں ڈالر خرچ کئے جارہے ہیں۔ پاکستانی قوم کو فکری انتشار کا شکار اور اسکا اسلامی تشخص تبدیل کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں، ان سازشوں کے آگے بند باندھنا ہونگے۔ وہ وقت دور نہیں جب کشمیری مسلمان انشاء اللہ آزاد فضا میں سانس لیں گے۔