اسلام آباد(نامہ نگار) چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے مضاربہ سکینڈل میں ملوث تمام ملزموں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کر دی، چیئرمین کو بتایا گیا کہ تقریباً 34ہزار شکایات متاثرین کی جانب سے موصول ہوئیں اور21 ارب روپے لوٹے گئے،چیئرمین نیب کی زیر صدارت مضاربہ سکینڈل کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا، چیئرمین نیب نے سکینڈل میں ملوث تمام کرداروں کے گرد گھیرا تنگ کرنے اور انہیں گرفتار کرنے کی ہدایت کی، چیئرمین نے نیب افسران کو ہدایت کی کہ لوٹی ہوئی رقم کی واپسی کیلئے کوششوں کو دگنا کیا جائے اور ایسے کرداروں کو بھی وطن واپس لایا جائے جو بیرون ملک بھاگ چکے ہیں۔آئی این پی کے مطابق قمر الزمان چوہدری نے نیب افسران کو سرکاری اداروں میں کرپشن اور پرائیویٹ سیکٹر سے فراڈ اور مختلف سکیموں کے ذریعے لوٹی گئی رقم کی ریکوری کے لئے کوششیں تیز کر نے کی ہدایت کردی، مضاربہ سکینڈل میں عوام سے لوٹے گئے اربوں روپے کی واپسی کو یقینی بنانے کیلئے نیب افسران تمام وسائل بروئے کار لائیں۔