نیویارک (نمائندہ خصوصی) امریکی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کیلئے کام کرنے والے ایک مخبر مونسیگر نے غیرملکی ویب سائٹوں پر سینکڑوں سائبر حملے کرنے کیلئے تعاون فراہم کیا اور 2012ء کے دوران جاری اس مہم میں پاکستان، ایران، شام اور برازیل کی حکومتوں کی ویب سائٹس کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ مونسیگر کا تعلق ہیکرز کے Amony mous گروپ سے ہے۔ نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہائی پروفائل ٹارگٹس پر حملوں کے حوالے سے معروف ہیکٹر ایگزاویر مونسیگر نے کم از کم ایک ہیکر کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کے سرورز سے بڑے پیمانے پر ڈیٹا ہیک کر کے ایف بی آئی کے زیرنگرانی سرورز کو منتقل کر دے۔ مونسیگر کو 2012ء کے اوائل میں ایف بی آئی نے گرفتار کر لیا تھا۔ وہ کئی ماہ تک اس گروپ کے دیگر ہیکرز تک پہنچنے میں بیورو کی مدد کرتا رہا۔ اس سائبر مہم سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی حکومت نے انٹیلی جنس کے مقاصد کیلئے انٹرنیٹ سکیورٹی کی خامیوں کا غلط استعمال کیا ہے۔