ماسکو (این این آئی) چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری نے روس اور پاکستان کے پارلیمانی اداروں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے بتدریج فروغ بالخصوص دونوں ممالک کے ارکان پارلیمان کے درمیان اعلیٰ سطح کے رابطوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے عوام دوطرفہ تعلقات کو عوامی سطح پر فروغ دینے اور توانائی، ثقافت، معیشت، تجارت اور تعلیم جیسے مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے یہ بات سینٹ کے وفد کی قیادت کرتے ہوئے روس کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں ’’ڈیوما‘‘ کے ڈپٹی چیئرمین سرگئی زیلنیاک سے ملاقات میں کہی جس میں روس اور پاکستانی پارلیمان کے درمیان قریبی روابط کی مختلف تجاویز پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ چیئرمین سینٹ سید نیئر حسین بخاری نے پاکستان اور روس کے مابین توانائی، ثقافت، معیشت، تجارت اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے لئے مختلف شعبوں میں تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے۔