لاہور (خصوصی رپورٹر) رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف کی قیادت میں چین کے دورے پر پاکستانی وفد نے گذشتہ روز دارالحکومت بیجنگ میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے نائب وزیر برائے جنوبی ایشیا چن فنگز یانگ اور پارٹی کی ڈائریکٹر جنرل مادام رائو ہوئی ہوا سے ملاقات کی۔ پاکستانی وفد کے ارکان نے چینی حکمران کمیونسٹ پارٹی کے سینئر رہنمائوں سے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کے معاملات پر بات چیت کی اور اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور چینی کمیونسٹ پارٹی کے درمیان پارٹی سطح پر رابطے اور تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ دونوں جماعتوں کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع مل سکے اور دونوں حکمران جماعتیں اپنے عوام کے بہتر مستقبل کے لئے زیادہ مؤثر طریقے سے کام کر سکیں۔ مسٹر چن فنگز یانگ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے درمیان تعاون کے حوالے سے پہلے ہی وزیراعظم نواز شریف کے دورہ چین کے دوران یادداشت کے ایک سمجھوتے پر دستخط ہو چکے ہیں اور چینی کمیونسٹ پارٹی پاکستان مسلم لیگ (ن) کی استعدادکار میں اضافہ کر کے اسے مضبوط اور پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے رہنمائوں نے سیاسی پارٹیوں کی سطح پر وفود کے تبادلوں اور رابطوں میں اضافے پر زور دیا تاکہ دونوں جماعتوں کے درمیان مضبوط اور مستحکم تعلقات فروغ پا سکیں۔ رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین دوستی غیرمتزلزل بنیادوں پر استوار ہے اور چین پاکستان کا سدا بہار دوست ہے۔ دوران ملاقات پاکستان میں چین کے تعاون سے جاری منصوبوں، بالخصوص توانائی کے شعبے میں زیر تکمیل نندی پور پراجیکٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان چین اکنامک کوریڈور، لاہور کراچی موٹروے، ساہیوال کول پاور پراجیکٹ، لوہے کے ذخائر کی تلاش کے امکانات اور دیگر منصوبے بھی زیر بحث آئے۔