سوئٹزرلینڈ خوش ترین ملک قرار، پاکستان 81، بھارت 117 ویں نمبر پر، ٹوگو برونڈی، شام ناخوش ممالک میں سرفہرست

Apr 25, 2015

لندن (بی بی سی) ویسے تو خوشی ناپنے کا کوئی پیمانہ نہیں ہے لیکن ایک تھنک ٹینک نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جس میں جائزہ لیا گیا ہے کہ دنیا کے کون سے ممالک ایسے ہیں جن کے عوام خوش ہیں اور انکی خوشی کی وجہ کیا ہے۔ سوئٹزرلینڈ دنیا کا خوش ترین ملک ہے جبکہ اس فہرست میں آئس لینڈ دوسرے نمبر پر ہے۔ ڈنمارک، ناروے اور کینیڈا دنیا کے خوش ممالک کی فہرست میں بالترتیب تیسرے، چوتھے اور پانچویں نمبر پر ہیں۔ رپورٹ میں دنیا کے 158 ممالک کے عوام میں خوشی اور اطمینان کا جائزہ لیا گیا۔ ٹوگو کا شمار دنیا کے سب سے ناخوش ممالک میں ہوتا ہے، جبکہ برونڈی ناخوش ممالک کی فہرست میں دوسرے، اور شورش سے متاثرہ ملک شام تیسرے نمبر پر ہے۔ بھارت 117 ویں نمبر پر ہے جبکہ 2013ء میں شائع ہونیوالی گذشتہ رپورٹ میں بھارت 111 ویں نمبر پر تھا۔ خوشی کے اشارئیے میں 158 ممالک کی درجہ بندی کی فہرست میں پاکستان 81 ویں نمبر پر ہے۔ بنگلہ دیش کا نمبر 109واں نمبر پر ہے۔ یہ رپورٹ ایک تھنک ٹینک سسٹین ایبل ڈیویلپمنٹ سلوشن نیٹ ورک (ایس ڈی ایس این) نے ماہرین اقتصادیات، دماغی امراض اور شماریات کے ماہرین کی مدد سے شائع کی ہے۔

مزیدخبریں