لاہور (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ چین کے صدر کے آنے سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آئی ہے جس میں سے 80 فیصد فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ ہے پاکستان میں اتنی بڑی انویسٹمنٹ کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ اب ہماری ذمہ داری ہے کہ منصوبوں کو وقت پر مکمل کریں۔ پاک چائنا اکنامک کوریڈور خطے کی تقدیر بدل دے گا۔ چینی سرمایہ کاری سے پاکستان میں خوشحالی کا سیلاب آئیگا۔ وہ پنجاب یونیورسٹی فیصل آڈیٹوریم میں پرائم منسٹر سکیم کے تحت ذہین طلباءو طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ سعد رفیق نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کو خوف اور دہشت سے پاک کرنے کا کریڈٹ ڈاکٹر مجاہد کامران کو جاتا ہے۔ میرا پنجاب یونیورسٹی لاءکالج میں میرٹ پر داخلہ ہوا تھا پر مجھے ایل ایل بی نہیں کرنے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ میرٹ پر دئیے جا رہے ہیں اس میں کسی حکمران کا کوٹہ نہیں ہے۔ 2013 میں ہمیں ڈوبتا ہوا پاکستان ملا دہشت گردی اور لاقانونیت ملی اور توانائی کا بحران حصے آیا مگر ہم پاکستان کو مضبوط بنا رہے ہیں اور ملک کا مستقبل روشن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑا جا چکا ہے۔ دسمبر 2017ءتک دس ہزار میگا واٹ بجلی لائیں گے۔ محکمہ ریلوے کا ریونیو 45 کروڑ تھا رواں سال ساڑھے 8 ارب کمائیں گے۔ یمن کی صورتحال پر لوگ سمجھنے لگے کہ حکم کی تعمیل ہوگی مگر پاکستان ایک باوقار ریاست بن کر ابھرا ہے۔ آن لائن کے مطابق سعد رفیق نے کہا ہے کہ کراچی ٹارگٹڈ آپریشن کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں، سیاسی جماعتوں میں چھپی کالی بھیڑوں کا پیچھا کرتے رہیں گے۔ پاک فوج سعودی عرب کے دفاع کے لئے ہر وقت تیار ہے، سعودی سرزمین کی سالمیت کو خطرہ ہوا تو پوری قوم سعودی عرب کا دفاع کرے گی۔ کراچی آہستہ آہستہ امن کی طرف بڑھ رہا ہے، دہشت گردوںکا نیٹ ورک تباہ کردیا گیا ہے۔
چینی سرمایہ کاری سے پاکستان میں خوشحالی کا سیلاب آئیگا: سعد رفیق
Apr 25, 2015