ویلفیئر بورڈز ملازمین کا مستقلی کیلئے بنی گالہ میں مظاہرہ، پرویزخٹک کا راستہ روک لیا

اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) عمران خان کی بنی گالہ میں واقع رہائش گاہ کے سامنے اپنی ملازمتوں کی مستقلی کے لئے احتجاجی مظاہرہ، ورکرز ویلفیئر بورڈ ز کے ملازمین نے بنی گالہ آمد کے موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک کا راستہ روک لیا اور بنی گالاجانے والے داخلی و خارجی راستے بند کر دیئے جس میں وہ پھنس گئے اور واپس پشاور نہ جاسکے۔ اس پر پرویز خٹک شدید برہم ہوگئے اور اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا مظاہرین ہمیں بلیک میل کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن حکومت انکے دباﺅ میں نہیں آئیگی۔ ان سے تو ان کی یونین بھی لاتعلقی کا اظہار کر چکی ہے۔ بعدازاں انہوں نے مظاہرین سے مذاکرات کئے جو ناکام ہوگئے۔ جمعہ کو عمران خان کی بنی گالہ میں واقع رہائش گاہ کے سامنے ورکرز ویلفیئر بورڈ ز کے ملازمین نے بنی گالہ آمد کے موقع پر وزیر اعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک کا راستہ روک لیا۔ پرویز خٹک کافی دیر تک مظاہرین سے مذاکرات کرتے رہے لیکن مظاہرین نے ان کی بات ماننے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ ان کو پہلے ٹیسٹ دینا ہوگا پھر ہم ان کو مستقل کرینگے۔ ٹیسٹ بغیر ان کو مستقل نہیں کیاجاسکتا۔ ہم کوئی غیر قانونی کام نہیں کرسکتے۔ مظاہرین نے کس حیثیت سے ایک وزیر اعلیٰ کا راستہ روکا۔
مظاہرہ

ای پیپر دی نیشن