لاہور+فیروز والا (نامہ نگار) مصری شاہ کے علاقہ میں شاپنگ سنٹر جبکہ شاہدرہ میں جوتوں کی فیکٹری میں آتشزدگی سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر تباہ ہو گیا ہے۔ ریسکیو 1122 کے 10 یونٹس نے دونوں مقامات پر آگ پر قابو پالیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق مصری شاہ کے علاقہ چاہ میراں نیلم سینما کے قریب ایک بڑے شاپنگ سنٹر کے بیسمنٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔ پلازہ میں ڈیپارٹمنٹل سٹور، الیکٹرونکس اور کپڑے کی دکانیں تھی۔ آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے ڈیپارٹمنٹل سٹوراور 2 دکانوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔دھویں کے بادل میلوں دور سے دکھائی دیتے رہے۔علاقہ میں خوف کی فضاء چھا گئی ہے ،مقامی لو گ دکانوں اور گھروں سے باہر نکل آئے ۔ریسکیو 1122 نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پالیا ہے ۔علاوہ ازیں شاہدرہ کے علاقے جیا موسی 25 نمبر بس سٹاپ کے قریب واقع ایک جوتو ں کی فیکٹری میں آگ لگ گئی ۔جس کے نتیجہ میں لاکھوں روپے مالیت کے جوتے اور دیگر سامان جل کر تباہ ہوگیا۔ ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا ہے۔ ریسکیوذرائع کے مطابق دونوں مقامات پر بجلی کے شارٹ سر کٹ کے باعث آگ لگی۔فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق شاہدرہ کے قریب کپڑے کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے گودام میں سٹاک کیا ہوا لاکھوں روپے مالیت کا کپڑا جل کر راکھ ہوگیا۔