راولپنڈی+ اسلام آباد (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) ماڈل ایان علی نے دوبارہ ای سی ایل میں نام ڈالنے پر ایف بی آر کو موردِ الزام ٹھہرا دیا تاہم ایف بی آر کا کہنا ہے کہ کسی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنا ہمارا اختیار نہیں۔ ہمارا کام صرف ٹیکس لینا ہے۔ ذرائع ایف بی آر کہتے ہیں ادارے نے ماڈل گرل کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی ہے نہ کوئی سروکار ہے۔ وزرات داخلہ نے ایان علی کی ٹیکس معلومات مانگی ہم نے دیدیں۔ ایف بی آر کے مطابق ایان علی پانچ کروڑ 20 لاکھ روپے کی ٹیکس نادہندہ ہیں۔ ادائیگی کے لیے نوٹس بھیج دیا نام ای سی ایل میں شامل کرنا ہے یا نہیں یہ وزارت داخلہ کا کام ہے۔ علاوہ ازیں ماڈل ایان علی نے کہا ہے کہ عدالتوں پر مکمل اعتماد ہے۔ امید ہے کہ عدالتیں پہلے کی طرح میرٹ پر فیصلہ کریں گی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ذاتی مخالفت پر ای سی ایل میں نام ڈالنے والوں کو ناکامی ہو گی۔ عدالتیں نہ ہوں تو صاحب اقتدار مخالفین کو سانس بھی نہ لینے دیں۔