پشاور (این این آئی) صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاقے حسن گڑھی کے علاقے میں خونخوار چوہے نے چھ ماہ کے ایک اور بچے کوکاٹ ڈالا۔ پشاور میں انتظامیہ کی جانب سے چوہے مارنے کی مہم کے باوجود خونخوار چوہوں پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ بلی کی جسامت کے چوہوں نے حسن گڑھی میں چھ ماہ کے حذیفہ کو کاٹ لیا۔ والد کے بقول بچے کو رات سوتے ہوئے چوہے نے پائوں پرکاٹا، بچے کو طبی امداد کے لئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال لایا گیا جہاں اسے مرہم پٹی کے بعد فارغ کر دیا گیا۔ اس سے قبل متاثرہ بچے کا باپ بھی چوہوں کا نشانہ بن چکا ہے۔ انتظامیہ اور ضلعی حکومت کی جانب سے چوہوں کو مارنے کی مہم کے باوجود بھی اب تک 200 سے زائد افراد چوہے کے کاٹنے سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس سے قبل حسن گڑھی میں ہی ایک بچہ چوہے کے کاٹنے سے جاں بحق ہوا تھا۔ اب تک 8 افراد کی موت چوہوں کے کاٹنے سے واقع ہو چکی ہے۔