اسلام آباد (آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے علم کا فروغ اور مطالعے کی عادت قوموں کی ترقی اور استحکام کی بنیاد ہے اس سلسلے میں کتاب میلے جیسی سرگرمیوں کا انعقاد خوش آئند ہے ۔اتوار کو صدر مملکت نے یہ بات قومی کتاب میلے میں شریک ادیبوں اور دانش وروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حالات کی خرابی کی وجہ سے ملک میں کافی عرصے سے علمی اور ادبی سرگرمیاں نہیں ہو رہی تھیں لیکن اب حالات بدل رہے ہیں۔ ملک کے حالات کی وجہ سے نوجوانوں میں مایوسی پائی جاتی ہے۔ اس طرح کے پروگراموں کا انعقاد مایوسیوں کے خاتمے کے لیے ضروری ہیں تاکہ روشن پاکستان کی تعمیر کی جا سکے ۔ صدر نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ پاکستان کے حالات میں اب بہتری ہی آئے گی کیونکہ حالات کی خرابی کا دور گزر چکا ہے اور اب پوری قوم مل کر ملک کی تعمیر اور ترقی کے کاموں میں مشغول ہو جائے گی۔ انھوں نے کہا ادیبوں دانشوروں اور شاعروں کی یہ ذمہ داری ہے کہ عوام اور خاص طور پر نوجوانوں میں پائی جانے والی مایوسی کے خاتمے کے لیے اپنا قلم اٹھائیں۔ بہت جلد پاکستان ایک محفوظ ملک بن کر ابھرے گا اور ملک ترقی کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ اس سلسلے میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔ گوادر پورٹ کی فعالی سے پاکستان خطے کے اہم ملک کی حیثیت سے ابھرے گا۔