سیالکوٹ (نامہ نگار) تھانہ رنگپورہ حوالات کی سلاخیں کاٹ کر تین خطرناک ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے تین اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔حال ہی میں کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے تھانہ رنگپورہ کی حوالات میں تین خطرناک ڈاکو ثاقب، بلال اور عبدالوحید جو جسمانی ریمانڈ کے بعد بند تھے ڈی ایس پی سٹی مقصود لون کے مطابق تینوں خطرناک ڈاکو حوالات کی سلاخیں کاٹ کر فرار ہوگئے جن کا تاحال سراغ نہ مل سکا تاہم پولیس کی ٹیمیں ڈاکوئوں کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے مار رہی ہیں۔ تھانہ رنگپورہ پولیس نے تھانہ کے محرر اسلام ، نائب محرر ذوالفقار اور حوالات پر سکیورٹی کیلئے تعینات سنتری امانت کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے تاہم تینوں پولیس اہلکار گرفتاری سے قبل فرار ہوگئے۔