گندم کی کٹائی کے دوران موسمیات کی مناسبت سے اقدامات کی ہدایت

Apr 25, 2016

راولپنڈی (اے پی پی) زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ گندم کی کٹائی کے بعدپیداوار کا تقریباً 10فیصد حصہ مختلف وجوہات کی بنا ء پر ضائع ہو جاتا ہے۔ لہٰذا کاشتکار گندم کی کٹائی سے قبل مؤثر منصوبہ بندی کریں کیونکہ گندم کی برداشت کے وقت موسمی تغیرات سے پیداوار کافی متاثر ہوتی ہے۔ ماہرین نے کہاکہ کاشتکار فصل کی بروقت کٹائی، گہائی اور سنبھال سے پہلے مزدوروں، ٹریکٹر، تھریشر اور کمبائن ہارویسٹر کے علاوہ ترپال یا پلاسٹک چادر کا انتظام کریں۔ ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق کاشتکار گندم کی برداشت کے دنوں میں پرنٹ والیکٹرونک میڈیا کے ذریعے نشر ہونے والی موسمی پیش گوئی پر بھی خصوصی توجہ دیں اور فصل کی برداشت کے لیے منصوبہ بندی کرتے وقت موسمی حالات کو مدنظر رکھیں۔ زیادہ رقبہ پر کاشتہ گندم کو کمبائن ہارویسٹر کے ذریعے کٹائی کریں۔گندم کی کٹائی نہ تو وقت سے پہلے کریں اور نہ ہی تاخیر سے کریں کیونکہ دونوں صورتوں میں پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ بڑھ جاتا ہے۔

مزیدخبریں